Umrah Ka Tariqa

Umrah Ka Tariqa

The article Umrah Ka Tariqa describes how you can perform umrah step by step and also discusses the topics umrah kay faraiz, wajibat, needs, tawaf, saai and etc.

عمرہ کی تیاری

سر کے بال سنوارنا، خط بنوانا، مونچھیں کتروانا، بغل اور زیر ناف بال صاف کرنا، غسل یا وضو کرنا، مرد احرام کی دو چادروں میں سے ایک باندھے اور دوسری اوڑھے اور جوتے اتار کر ہوائی چپل پہنے۔ خواتین کا احرام انکا وہ مقامی لباس ہے جو شرعی تقاضوں کو پورا کرتا ہو۔ احرام باندھنے کے بعد  اگر مکروہ وقت نہ ہو تو دو رکعت نفل احرام پڑھ لیں۔

ممنوعات احرام

احرام کی حالت میں خوشبو لگانا، مَل مَل کر نہانا، خوشبو دار صابن استعمال کرنا، ناخن کاٹنا، بال کاٹنا، میاں بیوی کا آپس میں ازدواجی تعلق قائم کرنا، گالی گلوچ کرنا، مرد عورت کا چہرے کو کپڑا لگانا، مرد کا سر کو ڈھانکنا اور سلا ہوا لباس پہنناا منع ہے۔ بصورت دیگر دم واجب ہو گا۔
عمرہ کا طریقہ / Umrah Ka Tariqa
اگر آپ پاکستان یا ایسے کسی دوسرے ملک سے سفر کر رہے ہیں جہاں سے فلائٹ سیدھا جدہ ائیرپورٹ کو جانی ہو تو احرام ائیرپورٹ سے باندھیں اور نیت عمرہ میقات کے آنے سے قبل کر لیں جو کہ فلائیٹ لینڈ کرنے کے ایک یا آدھ گھنٹے قبل متوقع ہوتا ہے جس سے جہاز کا عملہ بھی مطلع کرتا ہے۔
سیدھا مدینہ جانے والے حجاج احرام ائیرپورٹ کی بجائے مدینہ سے مکہ روانگی کے وقت میقات سے باندھیں گے۔

عمرہ کی نیت

اے اللّہ  میں عمرہ کی نیت کرتا ہوں اس کو میرے لیئے آسان فرما اور قبول فرما۔
نیت کے بعد پھر مرد بلند آواز سے اور خواتین آہستہ آواز میں کثرت سے تلبیہ پڑھیں۔

تلبیہ

لَبَّیْکَ اَللّٰھُمَّ لَبَّیْکَ  لَبَّیْکَ  لَا شَرِیْکَ لَکَ لَبَّیْکَ  اِنَّ الْحَمْدَ وَالنِّعْمَۃَ لَکَ وَالْمُلْکَ لَا شَرِیْکَ لَکَ

بیت اللّہ پر پہلی نظر

جب حرم میں داخل ہوں تو جونہی بیت اللّہ شریف پر پہلی نظر پڑے تو راستے سے ہٹ کر ایک طرف کھڑے ہوں اور درود شریف پڑھ کر خوب دعا مانگیں یہ دعا کی قبولیت کا وقت ہوتا ہے۔

طواف

طواف شروع کرنے سے پہلے تلبیہ پڑھنا بند کر دیں۔ اب مرد اپنی چادر کو سیدھی طرف کی بغل سے نکال کر الٹے کندھے پر ڈال کر سیدھا کندھا کھول دیں۔ حجر اسود کے سامنے آنے سے پہلے بیت اللّہ کی طرف رخ کر کے طواف کرنے کی نیت کریں۔

طواف کی نیت

اے اللّہ میں طواف کی نیت کرتا ہوں اسے میرے لیئے آسان فرما اور قبول فرما۔

طواف کا طریقہ

طواف با وضو کرنا واجب  ہے۔ اب حجر اسود کے بالکل سامنے آکر دونوں ہتھیلیوں کا رخ بیت اللّہ کی طرف کر کے مرد کانوں تک اور خواتین کندھوں تک ہاتھ اٹھا کر یہ پڑھیں۔

طواف شروع کرنے کی دعا

بِسْمِ اللّٰہِ اَللّٰہُ اَکْبَرُ وَلِلّٰہِ الْحَمْدُ وَالصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلٰی رَسُوْلِ اللّٰہِ۔
پھر ہاتھ چھوڑ کر استلام کا اشارہ کریں یعنی اپنی دونوں ہتھیلیوں سے حجر اسود کی طرف اشارہ کرتے ہوئے پڑھیں۔

استلام کی دعا

بِسٌمِ اللّٰہ اَللّٰہُ اَکْبَرُ وَلِلّٰہِ الْحَمْدُ وَالصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلٰی رَسُوْلِ اللّٰہِ۔
دعا پڑھ کر ہتھیلیوں کو چومیں اور طواف شروع کریں۔ طواف کے پہلے تین چکروں میں مرد حضرات رمل کریں یعنی کندھے ہلاتے ہوئے چھوٹے چھوٹے قدموں سے سینہ تان کر چلیں۔ دوران طواف رکن یمانی یعنی حجر اسود کے بائیں طرف والے کونے سے حجر اسود والے کونے تک یہ دعا پڑھیں۔

رکن یمانی کی دعا

رَبَّنَا اٰتِنَا فِی الدُّنْیَا حَسَنَۃً وَّ فِی الْاٰخِرَۃِ حَسَنَۃً وَّ قِنَا عَذَابَ النَّارِ
دوران طواف تیسرا کلمہ پڑھیں۔
سُبْحَانَ اللّٰہِ وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ وَلَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ وَاللّٰہُ اَکْبَرُ وَلَا حَوْلَ وَلَا قُوَّۃَ اِلَّا بِااللّٰہِ
ہر چکر کے شروع میں بالکل حجر اسود کے سامنے کھڑے ہو کر استلام کا اشارہ کر کے یہ دعا پڑھیں۔
بِسٌمِ اللّٰہ اَللّٰہُ اَکْبَرُ وَلِلّٰہِ الْحَمْدُ وَالصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلٰی رَسُوْلِ اللّٰہِ۔
دوران طواف خانہ کعبہ کی طرف نہ مکمل رخ کریں نہ پیٹھ کریں اور نہ ہی خانہ کعبہ کی طرف دیکھیں۔ سات چکر مکمل کرنے کے بعد آٹھویں دفعہ استلام کا اشارہ کر کے سیدھا کندھا ڈھانپ کر ملتزم کے سامنے آکر دعا کریں۔

دو رکعت واجب االطواف

مقام ابراھیم کے پیچھے یا جہاں جگہ مل جائے دو رکعت واجب االطواف پڑھیں جب کہ مکروہ وقت نہ ہو اور دعا مانگیں۔ خوب زم زم کا پانی پئیں اور یہ دعا پڑھیں۔

زم زم پینے کی دعا

اَللّھُمَّ اِنِّیْ اَسْئَلُکَ عِلْمًا نَّافِعًا وَّ رِزْقًا وَّاسِعًا وَّ شِفَاءً مِّنْ کُلِّ دَاءٍ۔ اے
اللّہ نفع دینے والا علم اور رزق میں وسعت اور ہر بیماری سے شفا عطا فرما۔
صفا کی طرف جانے سے پہلے حجر اسود کے سامنے آکر نویں مرتبہ استلام کا اشارہ کا کے یہ دعا پڑھیں۔
بِسٌمِ اللّٰہ اَللّٰہُ اَکْبَرُ وَلِلّٰہِ الْحَمْدُ وَالصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلٰی رَسُوْلِ اللّٰہِ۔

سعی

باب صفا سے یا جیسے سہولت ہو صفا کی طرف جائیں پھر خانہ کعبہ کی طرف رخ کر کے خوب دعائیں مانگیں۔ دعا کے بعد سعی کی نیت کریں۔

سعی کی نیت

اے اللّہ  میں سعی کی نیت کرتا ہوں اسے میرے لیئے آسان فرما اور قبول فرما۔

سعی کا طریقہ

ابتدا صفا سے کریں مروہ پر پہنچ کر ایک چکر مکمل ہو گا پھر مروہ سے صفا آئیں تو دوسرا چکر مکمل ہو گا اسی ترتیب پر آخری ساتواں چکر مروہ پر مکمل ہو گا۔ صفا مروہ کی سعی کے دوران صرف مرد حضرات گرین لائٹوں کے نیچے تیز قدموں سے جھپٹتے ہوئے چلیں اور عورتیں عام ترتیب پر چلیں۔ دوران سعی گرین لائٹوں کے نیچے یہ دعا پڑھیں۔

سعی کی دعا

رَبِّ اغْفِرْ وَارْحَمْ وَاَنْتَ الْاَعَزُّ الْاَکْرَمُ۔

سعی کے نفل

سعی مکمل کرنے کے بعد مسجد میں جا کر شکرانے کے دو رکعت نفل پڑھیں۔ صفا مروہ مسجد کی حدود سے باہر ہے یہاں یہ نفل نہ پڑھیں۔

حلق یا قصر

مرد و عورت چوتھائی سر کے بال انگلی کے ایک پور جتنے کٹوائیں یہ واجب ہے۔ مردوں کا گنجا ہونا افضل ہے۔ عورتیں بال چھوٹے بڑے ہونے کی وجہ سے بالوں کی تین چوٹیاں بنا کر تینوں چوٹیوں کے آخر سے انگلی کے ایک پور جتنا کاٹیں۔

عمرہ کے فرائیض

عمرہ میں احرام باندھنا اور طواف کرنا فرض ہے۔

عمرہ کے واجبات

عمرہ میں صفا مروہ کی سعی کرنا اور حلق یا قصر کروانا واجپ ہے۔
الحمد للّہ عمرہ مکمل ہوا۔

Was this article (Umrah Ka Tariqa) helpful?
Book Umrah Package.

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *